سرینگر:بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری کا کہنا ہے کہ جموںوکشمیر میں بہت جلد اسمبلی انتخابات ہونگے اور اس سلسلے میں مرکزی سرکار تمام تر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حد بندی کمیشن کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ہی جموںوکشمیر میں الیکشن کا بھی بگل بج جائے گا۔ یو پی آئی کے مطابق ایک خصوصی انٹرویو کے دوران بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ترن چگھ نے کہاکہ جموںوکشمیر میں اسمبلی چناو کی خاطر مرکزی حکومت کوشاں ہے اور اس سلسلے میں تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حد بندی کمیشن کی جانب سے رپورٹ موصول ہونے کے ساتھ ہی جموںوکشمیر میں اسمبلی الیکشن کا بھی اعلان ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر میں جلد ازجلد چناو کرانے کے حق میں ہے۔ جموںوکشمیر میں دفعہ 370کی منسوخی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں جنرل سیکریٹری نے کہاکہ اس فیصلے کا سبھی نے خیر مقدم کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس قانون کا جموںوکشمیر کی سیاسی پارٹیوں نے غلط فائدہ اُٹھایا ہے۔ قومی جنرل سیکریٹری کے مطابق دفعہ 370کی منسوخی تاریخی فیصلہ تھا اور اس کی وجہ سے آج جموںوکشمیر میں امن و امان کی فضا قائم ہے۔ شہری ہلاکتوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں قومی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ پاکستان اور آئی ایس آئی وادی کشمیر کے پُر امن حالات کو درہم برہم کرنے کی خاطر ہی عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تین خاندانوں عبدا ﷲ ، مفتی اور کانگریس نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق ہے لیکن یہاں کے لوگوں کو اب اس بات کی پوری علمیت حاصل ہوگئی ہے کہ اُن کے ساتھ کس طرح سے نا انصافی ہو رہی تھی۔ جموںوکشمیر کو سٹیٹ ہڈ کا درجہ بحال کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ترن چگھ نے کہاکہ اس کا فیصلہ موزون وقت پر ہی لیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ بھاجپا نے جموںوکشمیر کے لوگوں سے جتنے وعدئے کئے تھے اُن کو پورا کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو نوکریاں فراہم کرنے کی خاطر موجودہ انتظامیہ زمینی سطح پر کا م کر رہی ہیں۔