سر ینگر: وادی کشمیر میں سکھ مذہب کے بانی گورونانک دیو جی کا552 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلہ میں سرینگر سمیت وادی بھرکے گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔سی این ایس کے مطابق وادی میں مقیم سکھ برادری نے یہ تہوارکا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منا یا۔ شہر سرینگر اور وادی کے دوسرے قصبوں میں قائم گردواروں، فوج اور فورسز کیمپوں میں خصوصی پوجا پاٹ اور شبدھ کیرتن کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں شہر سرینگر میں قائم گردواروں کو کئی روز قبل سجایا گیا تھا اور اس موقعہ پر وادی کے مختلف علاقوں بالخصوص سرینگر شہر میں قائم گردواروں میں پوجا پاٹ اور شبدھ کیرتن کا اہتما م کیا گیا۔سرینگر میں سب سے بڑی تقریب چھٹی پادشاہی باغ رعناوری میں واقع گردوارہ میں منعقد ہوئی۔ جہاں سکھ برداری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد ماتھا ٹیکنے کیلئے آئی اوروہاں خصوصی لنگروں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ادھر لالچوک اور جواہر نگر میں قائم گردواروں میں خاص گہما گہمی اور چہل پہل تھی جس کے دوران سکھوںفرقے سے وابستہ سینکڑوں عقیدت مندوں نے وہاں حاضری دیکر پوجا پاٹ اور شبدھ کیرتن کی تقریبات میں حصہ لیا۔ بارہمولہ ، ترال ، ملگال، پٹن، بڈگام، ہندوارہ، کپواڑہ کے علاوہ دوسرے علاقوں میں مقیم سکھ برادری نے یہ تہوار منایا۔ اس موقعہ پر مسلمانوں نے سکھوں کے گھر جاکر اس موقعہ پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ ادھر جموں کے مختلف علاقوں میں بھی کافی رونق اور چہل پہل تھی جس کے دوران شہر میں قائم تمام گردواروں کا بھی سجا یا گیا تھا۔ اس موقعہ پرخصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مقررین نے گورونانک دیو کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔