جموں:چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ ریونیو کو ہدایت دی کہ وہ معلومات اور ریونیو ریکارڈ تک لوگوں کی آسانی سے رَسائی کو فروغ دینے کے اِقدام کے طور پر سہ زبانی اراضی پاس بک تیار کرے۔ جموںوکشمیر میں زمین کے قانونی مالکان کو اَپنی نوعیت کی پہلی زمینی پاس بک اُردو ، انگریزی اور ہندی زبانوں میں جاری کی جائے گی۔ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے ڈیجیٹل اِنڈیا لینڈ ریکارڈ ماڈرنائزیشن پروگرام ( ڈی آئی ایل آر ایم پی ) بڑے پیمانے پر ریونیو ریکارڈوں کو سکین کیا ہے اور اُنہیں لوگوں کی جانچ کے لئے ’’ اَپنی زمین اَپنی نگرانی ‘‘ کے تحت پبلک ڈومین میں رکھا ہے۔ گذشتہ 6ہفتوں میں زائد اَز تین لاکھ پچیس ہزارلوگ پہلے ہی سائٹ کو دیکھ چکے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے عوامی معاملات میں شفافیت کو مزید فروغ دینے کے لئے اِصلاحات کے طور پر محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کو ریونیو پاس بک جاری کرنے کا ایک طریقہ ٔ کار تیار کرے، جس میں ایک ماہ کے اندر ان کی تمام قانونی اراضی کے بارے میں معلومات ہوں تاکہ26؍ جنوری 2022ء کو باضابطہ اجرأ کیا جاسکے۔ یہ عمل جموں اور سری نگر کے اضلاع میں 31 ؍مارچ 2022 ء تک اور دیگر تمام اَضلاع میں 15 ؍اگست 2022 ء تک مکمل ہو جائے گا۔خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے مزید اِقدامات کے طور پر، تمام عمل کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔