سکمز میں اب فیس بھرنے کیلئے قطار میں بیٹھنے کی ضرورت نہیں،آن لائن ادائیگی شروع
نگران ڈیسک
سرینگر:میڈیکل انسٹیچیوٹ صورہ (سکمز) کے نو منتخب ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز کول نے عہدے کی ذإہ داری سنبھالنے کے پہلے ہی ہفتہ میں آن لائن ادائیگی (پے منٹ گیٹ وے) شروع کرواکے مریضوں کی راحت رسانی کا ساماں کیا ہے۔اس اقدام سے ایک طرف ادارے کے فیس کونٹر پر بوجھ کم ہوگا اور دوسری جانب مریضوں اور اُنکے تیمارداروں کیلئے آسانی پیدا ہوگئی جنہیں ادائیگی کیلئے گھنٹوں قطار میں لگے رہنا پڑتا تھا۔ذڑائع کے مطابق ڈاکٹر پرویز کول نے دس جنوری کو سکمز میں ایک میٹنگ لی اور انفارمیشن تیکنالوجی سے متعلق امورات اور دستیاب سہولیات و درکار سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے افسروں پر آل انڈیا میڈیکل انسٹیچیوٹ اور سائنسز (ایمز) دلی کے زیرِ استعمال رہنے والی سہولیات کو اپنانے کے امکانات کا جائزہ لینے کا زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے میں اسپتال میں غیر ضروری رش کو کم کیا جاسکتا ہے اور مریضوں و تیمارداروں کو راحت پہنچائی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر کول نے ساتھ ہی مریضوں کے پورے ریکارڈ کو الیکٹرانک فارم میں جمع کرنے کا انتظام کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح نہ صرف معلومات کی بروقت اور رازدارانہ ترسیل آسان ہوگی بلکہ ہر وقت دستیاب رہنے والی یہ معلومات تحقیقی کام اور انشورنس وغیرہ کیلئے بھی آسانی سے دستیاب رہ پائیں گی۔ادارے میں مریضوں کی بہتر دیکھ ریکھ کو اپنی پہلی ترجیح بتاتے ہوئے ڈائریکٹر سکمز نے کہا کہ انفارمیشن تیکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اسے مریضوں کی راحت رسانی کے ساتھ ساتھ علاج و معالجہ و تحقیقی کام میں بہتری لانے کے اقدامات کرنا نہایت ضروری ہے۔