ہندوارہ:پریس انفارمیشن آف بیورو بی آئی بی سرینگر نے بدھوار کے روز ڈی سی آفس کانفرنس ہال کپوارہ میں ایک روزہ میڈیا ورکشاپ وارتالاپ کا انعقاد کیا۔جے کے این ایس نامہ نگارطارق راتھر کے مطابق پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی)، سری نگر حکومت ہند نے23 مارچ کو ضلع کپواڑہ کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نمائندوں کے لئے ایک روزہ ورکشاپ ورتالاپ ایک انٹرایکٹو سیشن کا اہتمام کیا۔ ورکشاپ کا مقصد دیہی صحافیوں کی استعداد کار میں اضافہ ہے تاکہ پی آئی بی اور دیہی علاقوں کے صحافیوں کے درمیان معلومات کے بہاؤ کا ایک ہموار نظام تیار کیا جا سکے اور مختلف معاملات پر ان صحافیوں سے قیمتی رائے حاصل کی جا سکے۔ ورکشاپ کا افتتاح ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی سی) کپوارہ غلام نبی بٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی بی غلام عباس کی موجودگی میں کیا۔ اپنے خطاب میں اے ڈی سی کپوارہ نے کہا کہ میڈیا ایک طاقتور ٹول ہے جو انتظامیہ کے لیے معاشرے میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے مشعل راہ کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آؤٹ ریچنگ معلومات کے تبادلے اور نیچے کی طرف کمیونیکیشن کے لئے ایک بہترین ٹول ہے، جس سے عوامی ترسیل کے بہتر نظام میں مدد ملتی ہے۔ اے ڈی سی نے کچھ عرصے تک ڈائریکٹر انفارمیشن رہنے کے اپنے تجربے کو بھی شیئر کیا اور میڈیا والوں سے کہا کہ وہ ریاست کے ساتھ ساتھ مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کی کوریج کے لئے مناسب جگہ فراہم کریں جن کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ اے ڈی سی نے کہا کہ میڈیا نمائندے خاص طور پر دیہی علاقوں میں سخت اور مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں اور انہیں ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کپواڑہ ضلع ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کلب کی تعمیر پر غور کر رہی ہے تاکہ فعال صحافیوں کو پیشہ ورانہ طور پر کام کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کیا جا سکے۔ اے ڈی سی نے بانڈی پورہ میں انٹرایکٹو میڈیا ورکشاپ کے انعقاد پر پی آئی بی سری نگر کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسی ورکشاپ کا انعقاد کیا جا سکتا ہے۔اس دوران غلام عباس نے کہا کہ یہ ورکشاپ پی آئی بی کی میڈیا آؤٹ ریچ حکمت عملی کا ایک شاخسانہ ہے تاکہ حکومت ہند کے فلیگ شپ پروگرام پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے حکومت کی ترقیاتی اسکیموں کے ہدف سے مستفید ہونے والوں تک معلومات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر میڈیا کے مختلف پیشہ ور افراد بشمول اشفاق سعید، فیاض حمید،یحییٰ سلطان، جاوید زرگر، صحافی ڈاکٹر مشتاق علی بابا اور دیگر شعبہ جاتی ماہرین نے لیکچر دیا اور قیمتی تجربہ شیئر کیا۔اس موقع پر سی ای او کپوارہ عبدالحمید فانی نے محکمہ تعلیم کی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ بعد ازاں سوال جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں ماہرین نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔