سرینگر//نگران// جموں کشمیر حکومت نے بدھوار کو ملی ٹینٹوں کیساتھ مبینہ تعلقات کے بنا پر 5 سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کردیا.
سرکاری ذرائع کے بقول لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے جنگجوؤں کیساتھ مبینہ تعلقات رکھنے پر پانچ سرکاری ملازمین کو برطرف کردیا ہے جن میں چند محکمہ پولیس کے اہلکار بھی شامل ہے.
نوکریوں سے برطرف کئے گئے سرکاری ملازمین میں پولیس کانسٹیبل توصیف احمد میر ساکن پلوامہ, کمپوٹر آپریٹر غلام حسن پرے ساکن سرینگر, استاد ارشد احمد داس ساکن اونتی پورہ, پولیس کانسٹیبل شاہد حسین راتھر ساکن بارہمولہ اور محکمہ ہیلتھ میں تعینات نرسنگ آرڈرلی شرافت احمد خان شامل ہیں.
واضح رہے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ نے سرکاری محکمہ جات میں کام کررہے ملازمین کی علیحدگی پسندوں اور جنگجوؤں کیساتھ تعلقات کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور اب تک موجودہ سرکار نے درجنوں ملازمین کو ملک مخالف سرگرمیوں میں مبینہ شرکت پر نوکریوں سے برطرف کردیا ہے.