جموں،9 جولائی:چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا سشیل چندر نے جموں وکشمیر میں سر نو حد بندی کی مشق کو ایک پیچیدہ مشق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونین ٹریٹری کی سرنو حدی بندی کے عمل کو صاف و شفاف طریقے سے انجام دیا جائے گا اور کمیشن کی طرف سے تیار کئے جانے والے ڈرافٹ کو لوگوں کے درمیان رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے چار روزہ دورہ جموں و کشمیر کے دوران سری نگر، پہلگام، کشتواڑ اور جموں میں 290 وفود کے ساتھ ملاقات کی جن میں سے کئی وفود دور افتادہ علاقوں سے بھی آئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر وفد کو غور سے سنا گیا اور صرف سیاسی لیڈروں سے ہی نہیں بلکہ سول سوسائٹی نمائندوں، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں، وکلا، بلدیاتی لیڈروں وغیر سے بھی ملاقات کی گئی۔موصوف چیف الیکشن کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر حد بندی کمیشن کی سربراہ جسٹس (ریٹائرڈ) رنجانا پرکاش ڈیسائی اور جموں و کشمیر کے سٹیٹ الیکٹورل افسر کے کے شرما بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا: ’کمیشن نے گذشتہ چار دنوں کے دوران جموں وکشمیر میں سری نگر، پہلگام، کشتواڑ اور جموں میں 290 وفود سے ملاقات کی، دور دراز علاقوں سے لوگ ہمیں ملنے کے لئے آئے اور ان میں کافی جوش وخروش تھا، ہم نے ہر ایک وفد کی بات کو غور سے سنا‘۔ان کا کہنا تھا کہ حد بندی مشق ایک پیچیدہ مشق ہے یہ محض علم ریاضی نہیں ہے۔ (یو این آئی)