جموں؍6؍جنوری؍
ڈی ڈی سی ممبر شمیم بیگم نے آج یہاں بجلٹامیں 28 روزہ نیچروپیتھی میڈیکل کیمپ کا اِفتتاح کیا۔
کیمپ کی اِفتتاحی تقریب میں بی ڈی سی ممبر چودھری رحم علی ، بجلٹا کے تمام ملحقہ دیہاتوں کے سرپنچ، پنچ اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔
اِس موقعہ پر شمیم بیگم نے کہا کہ یہ نیچروپیتھی کیمپ یہاں کے اُن لوگوں کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا جو بڑے ہسپتالوں میں علاج کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ کیمپ لوگوں میں بیداری پیدا کرے گا اور اِس طرح نیچر کی مدد سے خود کو اور اَپنے کنبے کو صحت مند رکھا جاسکتا ہے۔
ڈی ڈی سی ممبر نے مزید کہا کہ مقامی اِنتظامیہ اور پی آر آئیز کیمپ کے کامیاب اِنعقاد کے لئے منتظمین کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔
چیئر مین بی ڈی سی رحم علی نے اَپنے خطاب میں کہا کہ یہ کیمپ غریب لوگوں کو ان کے علاقوں میں مختلف نیچر وپیتھک اَدویات کے بارے میں آگاہ کرے گا جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں ہیلتھ کیئر کا نظام بہتر ہوگا ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آنے والے مہینوں میں عام لوگوں کے فائدے کے لئے ایسے مزید کیمپ منعقد کئے جائیں گے ۔