مانیٹرنگ//
جموں،19 اپریل: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کو پہلے دفعہ370 اور پھر ملی ٹنسی کی وجہ سے کافی متاثر ہونا پڑا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی نارکو ٹریرزم کی وساطت سے سماج خاص کر نوجوانوں کو ختم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے بدھ کو جموں یونیورسٹی میں وائی 20 کنسلٹیشن تقریب سے خطاب کے دوران کہا: ‘جموں وکشمیر میں پہلے دفعہ 370 کی وجہ سے بھید بائو کی صورتحال تھی اور بعد میں دہشت گردی کی وجہ سے زائد از 45 ہزار لوگوں کو جانیں گنوانا پڑیں۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ اپنی مٹی اور زمین چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ آج بھی نارکو ٹریرزم کی وساطت سے سماج خاص کر نوجوانوں کو ختم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔منوج سنہا نے کہا کہ اگست 2019 کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نیا جموں و کشمیر تعمیر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یگانگت کے جذبے کے ساتھ مہذب اور تعاون پر مبنی عالمی نظم قائم کرنے کے لئے نوجوانی سب سے اہم وقت ہے اور نوجوان ہی امن کو در پیش چلینجز سے نمٹنے اور سماجی شعور کو تیز کرنے لئے نئی امید اور اختراعی حل پیش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت ایک زمین، ایک خاندان اور ایک مستقبل کے جذبے کے ساتھ سلامتی کے چلینجوں کے وسیع تر پہلوئوں کو موثر طریقے سے حل کرنے کے لئے دنیا کی رہنمائی کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ترقی اور انسانیت کی بہبودی کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان مشترکہ اقدار، خواہشات اور بے لوث خدمت کے عزم کے ساتھ امن، خوشحالی، دوستی، تعاون اور ترقی کے افق کو وسعت دیں گے۔