کشمیر انفو//
جموں/26؍اپریل: لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج سول سیکرٹریٹ میں آئندہ موسم گرما کے مہینوں میں بجلی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ایک میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے ، مختلف پہلوئوں اور اور بجلی کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے کثیر الجہتی حکمت عملی پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ گذشتہ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ کسی بھی مانگ کو پورا کیا جاسکے اور بجلی کی تقسیم اور ترسیلی نظام کے لئے فعال اقدامات کئے جائیں۔اُنہوں نے بجلی چوری کے خلاف مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ چوری کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا جانا چاہیے کیوں کہ یہ سب کے لئے توانائی کی حفاظت کو یقینی بنانا ایک اہم پہلو ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے پاور سیکٹر کے جاری منصوبوں اور پری پیڈ میٹروں کی تنصیب جیسی سکیموں کے بارے میں تفصیلی رِپورٹ طلب کی۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جموںوکشمیر کے لوگوں کو بجلی کی بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے اَفرادی قوت میں اِضافہ اور معقولیت جیسے تمام اَمور کا تجزیہ کریں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ گرڈ سٹیشنوں کی بہتری اور اَپ گریڈیشن کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ راجیش پرساد نے گذشتہ جائزہ میٹنگ کی ہدایات پر کی گئی کارروائیوں پر ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے رئیل ٹائم ڈیٹا ایکوزیشن سسٹم ( آر ٹی ۔ ڈی اے ایس) بھی شروع کیا۔یہ نظام دیگر فوائد اور مختلف فیڈروں سے متعلق کارکردگی کے پیرامیٹروںکی حقیقی وقت تک رَسائی فراہم کرے گا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ راجیش پرساد اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔