سری نگر/15؍اگست:
سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈت نے آج یہاں اسمبلی کمپلیکس کے لان میں 78 ویں یوم آزادی کے موقعہ پر اسمبلی کے دیگر افسروں اورملازمین کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا۔
سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جشن آزادی منانے کے ساتھ ساتھ یہ ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو بھی یاد کرنے کا وقت ہے جنہوں نے ہمارے حقوق اور آزادی کے تحفظ کے لئے انتھک جدوجہد کی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ وقت ان بصیرت مندوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے جنہوں نے ہماری قوموں کی تقدیر کو تشکیل دیا اور اُن گمنام بہادروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے جو اس کی ترقی میں اَپنا کردار اَدا کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے یاد دِلایا کہ گزشتہ برسوں میںہندوستان نے سائنس ، ٹیکنالوجی ، آرٹس اور ثقافت کے شعبوں میں زبردست ترقی کی ہے اور دُنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کے ناطے جمہوریت اورتنوع کی روشن مثال رہا ہے۔ تاہم، اُنہوں نے کہا کہ یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے کیوں کہ ہمیں اَب بھی چیلنجوں کا سامنا ہے جن کے لئے اِجتماعی کوششوں اور عزم کی ضرورت ہے۔
سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈت نے اَپنے خطاب میں ایک روشن مستقبل کے لئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا جہاں ہر شہری کو معیاری تعلیم ، معیاری صحت نگہداشت اور مساوی مواقع تک رَسائی حاصل ہو۔ اُنہوں نے ایک ایسی مضبوط قوم کی تعمیر کے لئے جدوجہد کرنے پر زور دیا جہاں ہر آواز سنی جائے، ہر خواب کو پروان چڑھایا جائے اور ہر خواہش کو پورا کیا جائے۔










