سری نگر، 27 اگست؍ نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کانگریس کے ساتھ گٹھ جوڑ کے حتمی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کانگریس اتحاد کامیاب ہو کر یہاں سرکار بنائے گا انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی بحالی کے لئے سو سال بھی لگ جائیں ہم اس کے لئے کوشاں رہیں گے موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘گٹھ جوڑ میں کئی چیزوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے کچھ چیزیں لینا پڑتی ہیں تو کچھ چیزوں کو دینا پڑتا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں خوشی ہے کہ کانگریس کے ساتھ گٹھ جوڑ کا جو حتمی فیصلہ ہوا وہ بہت اچھا ہوا انشااللہ اتحاد کامیاب ہوگا اور یہاں سرکار بنے گی اور لوگوں کے مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی’۔کانگریس کے ساتھ کچھ سیٹوں پر دوستانہ مقابلے کے متعلق پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ‘گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے ہمیں لوگوں پر پوری امید ہے’۔دفعہ 370 کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ‘کیا ہم سمجھتے تھے کہ ہندوستان کبھی آزاد ہوگا کیوں نہ سو سال لگ جائیں گے لیکن یہاں کے لوگوں کی امیدیں پوری ہوں گی’۔بتادیں کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان پیر کے روز قبل ازانتخابات اتحاد کو حتمی شکل دے دی گئی۔