دنیا تیزی سے مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو رہی ہے، جہاںاے آئی انسانی زندگی کے ہر شعبے کو بدل رہی ہے۔ تعلیم، صحت، کاروبار، میڈیا اور روزمرہ زندگی میں اے آئی کا کردار غیر معمولی حد تک بڑھ چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق، مصنوعی ذہانت سہولت کے ساتھ ساتھ چیلنجز بھی لے کر آ رہی ہے۔اے آئی ایک ایسی جدید ٹیکنالوجی ہے جس نے پوری دنیا بدل کر رکھ دیاہے۔ آج کے دور میں اے آئی صرف ایک سائنسی تصور نہیں بلکہ ہماری روزمرہ زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔ اگر ہم اپنے اردگرد نظر دوڑائیں تو ہمیں محسوس ہوگا کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال ہر شعبے میں ہو رہا ہے، چاہے وہ ہمارے موبائل فونز ہوں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، آن لائن خریداری، اسپتال، تعلیمی ادارے، طبی شعبہ ہو یا پھر کاروباری دنیا، ہر شعبے میں اے آئی اپنی موجودگی کا احساس دلا رہی ہے۔تکنیکی طلبا کا ماننا ہے کہ اے آئی نے انسانی زندگی پر نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں، تاہم اس کے استعمال میں توازن اور احتیاط بے حد ضروری ہے۔ ان کے مطابق کتابوں سے تحقیق اور مطالعہ انسان کی یادداشت اور فکری صلاحیت کو زیادہ مضبوط بناتا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت محض ایک معاون ذریعہ کے طور پر فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ موجودہ دور میں معلومات کی فراوانی کے باعث ہر چیز کو یاد رکھنا مشکل ہو گیا ہے، ایسے میں اگر اے آئی کو مثبت حکمت عملی کے تحت استعمال کیا جائے تو یہ سیکھنے کے عمل کو مؤثر بنا سکتی ہے۔ تاہم ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو مکمل طور پر اے آئی پر انحصار نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسے صرف رہنمائی اور معاونت کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے مؤثر قوانین اور ضوابط واضح کیے جائیں تاکہ معاشرے کو اس کے ممکنہ منفی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت ایسی ٹیکنالوجی ہے جو کمپیوٹرز اور مشینوں کو انسانی ذہن کی طرح سوچنے، سیکھنے، فیصلے کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج اے آئی انسان کے بہت سے مشکل کام نہایت تیزی اور درستگی سے انجام دے رہی ہے۔تعلیم کے میدان میں اگر دیکھا جائے تو اے آئی نے طلبہ کے لیے سیکھنے کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ آج دنیا بھر کے لاکھوں طلبہ آن لائن لرننگ پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جہاں اے آئی ان کی کمزوریوں کو پہچان کر ان کے لیے مخصوص تعلیمی مواد فراہم کرتی ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف وقت کی بچت ہوتی ہے بلکہ سیکھنے کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے۔اسی طرح صحت کے شعبے میں بھی مصنوعی ذہانت انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے۔ جدید اسپتالوں میں اے آئی کی مدد سے بیماریوں کی تشخیص پہلے سے کہیں زیادہ تیزی اور درستگی سے کی جا رہی ہے۔ کئی ممالک میں ایسے روبوٹس متعارف ہو چکے ہیں جو پیچیدہ آپریشنز میں ڈاکٹروں کی مدد کرتے ہیں۔ کاروباری دنیا میں مصنوعی ذہانت نے کمپنیوں کی کارکردگی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ بڑے ادارے اے آئی کے ذریعے صارفین کی ضروریات کو سمجھتے ہیں، مارکیٹ کا تجزیہ کرتے ہیں اور ایسی حکمت عملی ترتیب دیتے ہیں جو کاروبار کو مزید کامیاب بناتی ہے۔وہی اگر میڈیا اور صحافت کی بات کی جائے تو اے آئی خبروں کی تیاری، مواد کے تجزیے اور ناظرین کی دلچسپی کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ آج کئی نیوز چنلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اے آئی کی مدد سے تیزی سے خبریں مرتب کر رہے ہیں، جس سے معلومات کی ترسیل مزید مؤثر ہو گئی ہے۔تاہم جہاں مصنوعی ذہانت بے شمار فوائد لا رہی ہے، وہیں کچھ خدشات بھی جنم لے رہے ہیں۔ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال سے کئی روایتی ملازمتیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیٹا پرائیویسی، غلط معلومات کے پھیلاؤ اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال جیسے مسائل بھی سنجیدہ توجہ کے خواہاں ہو سکتے ہیں۔اس کے علاوہ بھی اس میں بہت سارے خدشات ہیں جہاں انسان کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

