سری نگر: پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ ان کی جماعت مرکز کے سامنے مزاحمت کرنے والی واحد جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے وجود کو قائم رکھنے کے لئے مزاحمت کرنا لازمی ہوتا ہے جو مزاحمت نہیں کرتے ہیں ان کا وجود ختم ہو جاتا ہے۔ان کا الزام تھا کہ بی جے پی، پی ڈی پی کو ختم کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا: ‘پی ڈی پی وہ واحد جماعت ہے جو مرکز کے سامنے مزاحمت کر رہی ہے کیونکہ جب تک مزاحمت نہیں کی جائے گی وجود کو ختم ہونے کا خطرہ ہوتا ہے ہمیں اپنا وجود قائم رکھنے کے لئے مرکز کے سامنے کھڑا ہونا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمارے ورکروں کو ای ڈی، این آئی اے سے دھمکایا جا رہا ہے، کوارٹروں سے باہر نکالا جا رہا ہے، ان کے خلاف کیس لگائے جا رہے ہیں اور انہیں جیلوں میں بند کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ورکروں کو پارٹی سے باہر نکالا جائے لیکن اس کے باجود وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں’۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ڈی پی ایک پارٹی نہیں بلکہ ایک ایجنڈا ہے بی جے پی کتنا بھی زور لگائے اس کو ختم نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ جب تک جموں و کشمیر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک پل کام نہ کر سکے تب تک ہم اس راستے سے نہیں ہٹیں گے۔یو این آئی