نئی دہلی، 15 اگست: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز کہا کہ لداخ جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے مرکز کے طور پر بھی ترقی پا رہا ہے۔مسٹر مودی نے لال قلعہ سے ملک کے 75 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لداخ بھی ترقی کے لامحدود امکانات کی جانب آگے بڑھ چلا ہے۔ ایک طرف لداخ جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہے تو وہیں دوسری جانب سندھو سینٹرل یونیورسٹی لداخ کو اعلیٰ تعلیم کا مرکز بنانے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا،’آج میں ایک خوشی ملک کے باشندوں سے بانٹ رہا ہوں۔ مجھے لاکھوں بیٹیوں کے پیغام ملتے تھے کہ وہ بھی آرمی اسکول میں پڑھنا چاہتی ہیں، ان کے لیے بھی فوجی اسکولوں کے دروازے کھولے جا ئیں۔ آج ہندوستان کی بیٹیاں، اپنا اسپیس لینے کو بے چین ہیں۔ دو-ڈھائی سال پہلے میزورم کے آرمی اسکول میں پہلی بار بیٹیوں کو داخلہ دینے کا تجربہ کیا گیا تھا۔ اب حکومت نے طے کیا ہے کہ ملک کے تمام آرمی اسکول کو ملک کی بیٹیوں کے لیے بھی کھول دیا جائے گا‘۔وزیراعظم نے کہا کہ 21 ویں صدی میں ہندوستان کو نئی بلندی پر پہنچانے کے لیے ہندوستان کی صلاحیت کا درست اور پورا استعمال؛ وقت کی مانگ ہے۔ اس کے لیے جو طبقے اور علاقے پسماندہ ہیں، ان کا ہاتھ پکڑکر آگے لانا ہوگا۔