سری نگر: وادی کشمیر میں پیر کے روز ‘جنم اشٹمی کا تہوار انتہائی مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔سال گزشتہ کورونا وبا کے پیش نظر نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس تہوار کے موقع پر روایتی تقریبات بالخصوص شوبھا یاترا معطل رہی تھیں۔ اس سے قبل 2019 میں بھی یہ تقریبات اس وجہ سے معطل ہو کر رہ گئی تھیں کیوں کہ تب مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دی تھی۔کرشنا جنم اشٹمی ہندوؤں کا ایک سالانہ تہوار ہے۔ اس دن کو وشنو کے آٹھویں اوتار کرشن بھگوان کے جنم دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔وادی کشمیر بالخصوص سری نگر کے مندروں میں پیر کی صبح سے ہی عقیدت مندوں کی آوا جا ہی کا سلسلہ جاری رہا۔یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بعض مندروں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ عقیدت مند جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے صبح سے ہی مندروں میں حاضر ہو رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ عقیدت مندوں میں مختلف پیراملٹری فورسز سے وابستہ اہلکار اور مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ملازمین بھی شامل تھے۔دریں اثنا پنڈت برادری سے وابستہ عقیدت مندوں نے سری نگر کے پرانے شہر میں واقع گنپت یار مندر سے دو برس بعد امسال ‘شوبھا یاترا نکالی۔یہ یاترا زیندار محلے سے برآمد ہو کر حبہ کدل، بسنت باغ، بربر شاہ، ریگل چوک، گھنٹہ گھر اور جہانگیر چوک سے ہوتے ہوئے واپس زیندار محلے میں اختتام پذیر ہوئی۔حکام نے یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔اس موقع پر کشمیری پنڈت لیڈر ایم کے یوگی نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘میں اپنی اکثریتی کیمونٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کے تعاون کے بغیر اس جھانکی کو نکالنا ناممکن تھا۔انہوں نے کہا: ‘یہاں کی اکثریتی کیمونٹی ہمیشہ سے ہی اپنی اقلیتی کیمونٹی کا خیال رکھتی آئی ہے۔ ان کے بعد ہم یہاں کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہم پورے ملک کو یہاں کا بھائی چارہ دیکھ کر پیغام بھیجنا چاہتے ہیں کہ ایسے پروگرام ہوتے رہیں گے۔اطلاعات کے مطابق جموں میں بھی جنم اشٹمی کا تہوار تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا اور عقیدت مندوں نے مندروں میں حاضر ہو کر پوجا اور دعائیں کیں۔ادھر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی و دیگر سیاسی لیڈروں نے پنڈت براداری سے وابستہ لوگوں کو اس مبارک موقع پر مبارک باد پیش کی ہے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے جنم اشٹمی کے موقع پر لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘شری کرشنا جنم اشٹمی کے مبارک موقعے پر تمام لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اس تہوار سے یقین محکم ہوتا ہے کہ عزم و استقلال، خدمت و ایثار اور ہمدردی کے ذریعے تمام تر مشکلات کے درمیان بھی اخلاقی و سچائی کی زندگی بسر کی جا سکتی ہے۔ (یو این آئی)