سرینگر:جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس پنکج متھل کی ہدایات کے مطابق بغیر ویکسین کے کوئی بھی شخص کورٹ عمارتوںمیں داخل نہیں ہو سکتا ہے۔اور اندر آنے کی جازت صرف ان ہی لوگوں کو ہو گی جنہوں نے دونوں ویکسین لگائے ہوں گے ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس) کے مطابق انہوں نے جوڈیشل رجسٹراروں اور ضلع ججوں کو ہدایت دی ہیں کہ وہ کورٹ عمارتوں کی سینی ٹائزیشن ہفتے میں دو بار کرائیں۔موصوف چیف جسٹس کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر اور لداخ یونین ٹریٹریوں بالخصوص وادی کشمیر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور تیسری لہر کے خدشات کے پیش نظر ہائی کورٹ کی دونوں ونگس کے جوڈیشل رجسٹراروں اور تمام اضلاع کے پرنسپل ججوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ہائی کورٹ کی طرف سے جاری پروٹوکال پر سختی سے عمل درآمد کریں۔حکمنامے میں تمام وکلا اور دیگر متعقلین سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ اس پروٹوکال کو عملی جامہ پہنانے میں ہائی کورٹ اور ضلع کورٹ کے عہدیداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔حکمنامے میں کہا گیا ’جوڈیشل رجسٹرارز اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ رجسٹرار عہدیداروں و ملازمین اور وکلا کے بغیر کسی بھی شخص کو کورٹ عمارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جن لوگوں نے کورونا ویکسین کے دونوں ٹیکے لگوائے ہوں اور ان کے پاس اس کی سرٹیفکیٹس ہوں ان کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی‘۔