سرینگر:گاندھی جینتی کے موقعے پر شہر آفا ق جھیل ڈل میں صفائی مہم شروع کی جارہی ہے جس کو ڈویژنل کمشنر نے حتمی شکل دی ہے اس سلسلے میں کمشنر موصوف کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقا دکیا گیا جس میں منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق عالمی سطح پر مشہور جھیل ڈل کی صفائی کیلئے سرکار کی جانب سے ایک بڑی مہم شروع کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں گاندھی جینتی کے موقعے پر یعنی 2اکتوبر کو اس مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ڈویژنل کمشنر کشمیر پنڈورانگ کے پولے کی صدارت میںا یک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ نگین کلب سرینگر میں منعقدہ اس میٹنگ میں بتایا کہ سوچھتا پکواڑا کے تحت سوچھ بھارت ابھیان کے ایک حصے کے طور پر 2اکتوبر سے جھیل ڈل کی صفائی مہم شروع کی جائے گی جو قریب 15دنوں تک چلے گی ۔ اس صفائی مہم میں جھیل ڈل سے گھاس پھوس نکالنے کیلئے قریب ایک ہزار کشتیوں کو کام پر لگایا جائے گا جبکہ اس کیلئے 2ہزار افراد بھی کام کریںگے ۔ اس ضمن میں ڈویژنل کمشنر نے لاوڈا، کے افسران، ایس ڈی آر ایف، ہوم گارڈ ، این ڈی آر ایم ، این سی سی اور دیگر ایجنسیوں سے کہا کہ وہ افرادی قوت مہیا رکھیں۔ اس موقعے پر انہوںنے شکارہ ایسوسی ایشن کے ممبران سے کہا کہ وہ اس کیلئے تین سو افراد اور 2ہزار بوٹوں کو دستیاب رکھیں۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل کی صفائی کا کام ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔