سرینگر:مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کو ملک کا اول نمبر سیاحتی مقام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو ہر قسم کے تعاون کا وعدہ کیا کہ وہ مغل گارڈن کو یونیسکو کے ثقافتی ورثے کے نقشے پر لائیں تاکہ ان مقامات کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو۔انہوںنے سیاحت سے جڑے اداروںکو یقین دلایا کہ سرینگر کے ائر پورٹ سے کولکتہ، چنئی ، حیدرآباد اور دیگر بڑے شہروں کیلئے براہ راست پروازیں چلائی جائیں گے جس سے سیاحت کو مزید بڑھاوا ملے گا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق مرکزی وزیر سیاحت نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت جموںکشمیر کو ملک کا اول سیاحتی مقام بنانے کیلئے کوشاں ہے اور اس کیلئے یوٹی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے ۔ ریڈی نے جموں و کشمیر کے لیے مرکز کے خصوصی آؤٹ ریچ پروگرام کے حصے کے طور پر اپنا دو روزہ دورہ کشمیر مکمل کیا۔کووڈ19وبائی امراض کے دوران محکمہ سیاحت کے کام کو سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جے کے انتظامیہ نے بحران کے دوران دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ترقی کر رہا ہے اور صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور مرکزی حکومت خطے کو باقی ہندوستان کے ساتھ یکساں خوشحالی کی طرف لے جانے کے لیے ہر لحاظ سے یوٹی کی مدد کر رہی ہے۔ریڈی نے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کو ملک کا نمبر ون سیاحتی مقام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔سیاحت کی صنعت کے مختلف طبقات بشمول ہوٹل مالکان ، ٹریول ایجنٹس ، ہاؤس بوٹ مالکان سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اپنی بات چیت میں ، ریڈی نے وادی میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لیے مرکزی حکومت کے عزم دہرایا ۔انہوں نے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کو بین الاقوامی سیاحتی مقام کے طور پر برانڈ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔اس دوران جے کشن ریڈی سے سیاحت سے جڑے اداروں نے ملک کے مختلف شہروں بشمول حیدرآباد ، کولکتہ ، چنئی سے سری نگر تک براہ راست پروازیںچلانے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے نقصانات کی صورت میں انشورنس کی کوریج ، نئے سیاحتی مقامات کی ترقی ، سیاحتی مقامات پر بہتر موبائل رابطہ ، پہلگام ، گلمرگ جیسے سیاحتی مقامات پر پرانے ہوٹلوں کی تزئین و آرائش کا بھی مطالبہ کیا۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر نے سیاحت کے اسٹیک ہولڈرز کو یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل جلد حل کرنے کے لیے اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے سیاحت کے شعبے کی طرف سے جے کے کو سیاحوں کے لیے ایک اعلیٰ منزل کے طور پر فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔