سری نگر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال اور ڈرون مخالف حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق میڈیا رپورٹس میں حکومتی ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاکہ سری نگرمیں جمعرات کی صبح ایک سرکاری اسکول میں 2ٹیچروں کی ہلاکت کاواقعہ رونماہونے کے بعد طلب کی گئی یہ ہنگامی میٹنگ تقریباً3 گھنٹے تک جاری رہی اوراس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے داخلی سلامتی کے امور کا جائزہ لیا اور آئندہ متوقع چیلنجوں کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں موجودہ ہلاکتوں کی روکتھام کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا۔وزارت داخلہ کے عہدیداروں کے مطابق ، یہ ایک’باقاعدہ مجموعی سیکورٹی میٹنگ‘تھی جس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ، ہوم سیکرٹری اجے بھلہ ، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو اروند کمار ، بارڈر سیکورٹی ڈائریکٹر جنرل پنکج سنگھ ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے چیف کلدیپ سنگھ اور وزارت داخلہ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔سلامتی امورکاجائزہ لینے کیلئے منعقدہ یہ اہم اجلاس دوپہر 12 بجے وزارت داخلہ کے آفس میں شروع ہوا اور تقریبا2بجکر45منٹ ختم ہو۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا جہاں جمعرات کی صبح ایک اسکول کی خاتون پرنسپل اور ایک ٹیچر کو مشتبہ جنگجوئوں نے قتل کر دیا ۔ ذرائع نے مزیدبتایا کہ مرکزی وزیرداخلہ کی زیرصدارت میٹنگ میںاینٹی ڈرون حکمت عملی اور جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں سے منسلک دیگر سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سرحد پار سے سازشیں کرنے اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی منصوبہ بندی کرنے والے عسکریت پسندوںاور دیگر بڑے مسائل کے ساتھ زیر بحث لایاگیا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق میٹنگ کے دوران مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے مرکزی داخلہ سیکرٹری سے کہاکہ جموں وکشمیر بالخصوص وادی کی تازہ صورتحال کے بارے میں وہاں کی حکومت سے ایک تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے اوراس بات کویقینی بنانے کی ہدایت دی جائے کہ شہری ہلاکتوںکے واقعات پرفوری روک لگائی جائے ۔میٹنگ کے دوران امت شاہ نے سیکورٹی ایجنسیوںکے اعلیٰ حکام سے کہاکہ جموں وکشمیرمیں جنگجوئیانہ سرگرمیوں کاقلع قمع کرنے کیلئے مشترکہ کارروائیوں میں مزیدتیزی لائی جائے اوروہاں خفیہ نیٹ ورک کومزید متحرک اورفعال بنایا جائے ۔خیال رہے مرکزی سرکار کے عوامی رابطہ پروگرام کے سلسلے میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ رواں ماہ کے آخرمیں جموں وکشمیر کے تین روزہ دورے پرآرہے ہیں جبکہ اس آوٹ ریچ پروگرام کے تحت 70مرکزی وزراء جموں وکشمیر کاباری باری دورہ کررہے ہیں اورابتک تقریباً40مرکزی وزراء جموں وکشمیرکے مختلف علاقوں کادورہ مکمل کرچکے ہیں ۔