سری نگر:دفعہ 370کی منسوخی اورجموں وکشمیرکی تقسیم وتنظیم نوکے بعدمرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے پہلے دورہ جموں و کشمیر کا شیڈول جاری کردیاگیا،جسکے تحت وہ 22اکتوبر کوسری نگر پہنچیں گے اور25،اکتوبر تک جموں وکشمیر میں4روزتک قیام کریں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ 22،اکتوبر کوچار روزہ دورے کے پہلے پڑائو میں سری نگرپہنچیں گے اوریہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اندرونی سیکورٹی صورتحال،سرحدی حالات ،جنگجو ئیانہ سرگرمیوں ،حالیہ شہری ہلاکتوں اورسیکورٹی فورسزکے جنگجو مخالف آپریشنوں کاتفصیلی جائزہ بھی لیں گے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 22یا23ا،کتوبر کوسری نگرمیں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی زیرصدارت سیکورٹی معاملات سے متعلق ایک اہم اوراعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوگی ،جس میں جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہا ،چیف سیکرٹری ڈاکٹرارون کمارمہتا ،داخلہ سیکرٹری ،پولیس چیف دلباغ سنگھ ،فوج کی پندرہویں کورکے سربراہ لیفٹنٹ جنرل ڈی پی پانڈے اورانسداد ملی ٹنسی کارروائیوں میں شامل سبھی سیکورٹی ایجنسیوں وخفیہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجودہونگے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اپنے4 روزہ جموں و کشمیر کے دورے کے دوران22، اکتوبر کو دارالحکومت سری نگر پہنچیں گے اور کشمیر میں 2 دن قیام کے دوران22 اور23، اکتوبر کو وہ فوج ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف،جموں وکشمیرپولیس اورسیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیں گے۔رپورٹس کے مطابق ان دونوں کے دوران امت شاہ وادی میں تشدد کی سرگرمیوںحالیہ تیزی اور اس پر قابو پانے کے اقدامات پر بات چیت کی جائے گی تاکہ عام آدمی خصوصاً اقلیتوں کا اعتماد بحال کیا جا سکے جو حالیہ حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات کے بعد خطرہ محسوس کرتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امت شاہ کا دورہ کشمیر میں بی جے پی کارکنوں کے حوصلے بڑھانے والا ہوگا اور وہ پارٹی نمائندوں کے ساتھ ساتھ وادی کے سینئر عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور ان سے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مکمل رائے لیں گے۔میڈیا رپورٹس میں مزیدبتایاگیاکہ سری نگرمیں مسلسل دوروز سیکورٹی صورتحال اورجاری ترقیاتی عمل کاجائزہ لینے کے بعد24اکتوبر کومرکزی وزیرداخلہ امت شاہ جموں روانہ ہونگے ،جہاں وہ 2روزتک قیام کریں گے ۔رپورٹس کے مطابق 24، اکتوبر کو امت شاہ جموں میں چوتھے پل ، بھاگوتری نگر سے ملحقہ گراؤنڈ میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی کی جموں وکشمیرشاخ کے صدر رویندر رائنا جنہوں نے بی جے پی ہیڈ کوارٹر ، ٹریکوٹا نگر میں ایک میٹنگ بلائی ، وزیر داخلہ کے ٹور پروگرام پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے اپنی پارٹی کے ساتھیوں کو یہ اطلاع دی۔ذرائع نے بتایا کہ ریلی کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ کو مغربی پاک مہاجرین ، بالمیکی سماج اور گورکھوں کی طرف سے بھی مبارکباد دی جائے گی جنہوں نے جموں و کشمیر میں 70 سال بعد شہریت کے حقوق حاصل کئے ہیں۔ اس کے علاوہ ، سرحدپارسے آئے مہاجرین بھی ان کا استقبال کریں گے۔دریں اثنا ، بی جے پی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ جموں میں بھاجپا لیڈران کیساتھ ایک میٹنگ بھی کریں گے ۔مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ بی جے پی کی کور کمیٹی کے ارکان اور پارٹی کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ بند دروازے پر میٹنگ کریں گے اور ان کے ساتھ جموں وکشمیر میں موجودہ صورتحال اور آئندہ اسمبلی انتخابات جو کہ اگلے سال ہونے کا امکان ہے، پربھی تبادلہ خیال کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جموں وکشمیرکا4روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد25 اکتوبر کو جموں سے مرکزی دارالحکومت نئی دہلی واپس روانہ ہونگے ۔میڈیارپورٹس میں تاہم بتایاگیا کہ دورے کا پروگرام اور وزیر داخلہ کے شیڈول میں آخری لمحات میں تبدیلی 21، اکتوبر کو پارٹی کو پہنچائی جائے گی۔