سرینگر:شہری ہلاکتوں میںملوث افرادکو کیفر کردارتک پہنچانے کا عندیہ دیتے ہوئے پولیس چیف نے کہاکہ حالیہ شہری ہلاکتیں وادی کشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ انتشار پیدا کرنے کا اقدام تھا لیکن پولیس نے ان سازشوں کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو کسی بھی صور ت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یو پی آئی کے مطابق زیون سرینگر میں تقریب سے خطاب کے دوران پولیس چیف نے کہاکہ وادی کشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر جموںوکشمیر پولیس نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سرگرم ملی ٹینٹ اُس پار کشمیر میں بیٹھے کمانڈروں کے اشارے پر وادی میں امن و امان کو درہم برہم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ شہری ہلاکتیں اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی جس کو جموںوکشمیر پولیس نے ناکام بنایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹارگیٹ کلنگ دراصل فرقہ وارانہ انتشار پیدا کرنے کا اقدام تھا ۔ انہوںنے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران چار ملی ٹینٹوں کو مار گرایا جن میں دو کمانڈر بھی شامل ہیں۔ا نہوںنے کہاکہ کولگام اور شوپیاں میں فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے گئے ملی ٹینٹ شہری ہلاکتوں میں براہ راست ملوث تھے۔ انہوںنے کہاکہ شہری ہلاکتوں میں جتنے بھی افراد ملوث ہیں اُنہیں بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم کسی کو بھی جموں وکشمیر میں بھائی چارے ، اخوت اور برادری کو پارہ پارہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ چونکہ وادی کشمیر میں ہر سو امن قائم ہے لہذا ملی ٹینٹ کمانڈر اس وجہ سے ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں اور وہ عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہری ہلاکتوں سے عام شہریوں کی روز مرہ کے معاملات پر اثر پڑا ہے جبکہ سیاحتی ڈھانچے کو بھی نقصان پڑنے کا احتمال ہے۔ انہوںنے کہاکہ امن کے دشمنوں کو ہم نے سخت جواب دیا ہے اور سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشن جاری رہیںگے۔ انہوںنے کہاکہ رواں سال کے دوران پورے بھارت میں فرائض کی انجام دہی کے دوران 370پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے ۔