شوپیاں:پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت رنجن پرکاش ٹھاکر نے آج شوپیاں کا دورہ کیا اور یہاں منی سیکرٹریٹ ارہامہ شوپیاں میں مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ جاری ترقیاتی کاموں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع میں دیگر سکیموں کی عمل آوری کابھی جائزہ لیا ۔ پرنسپل سیکرٹری جو شوپیاں ضلع کے انچارج انتظامی سیکرٹری بھی ہیں نے آر ڈی ڈی ، باغبانی ، صحت ، تعلیم ، سماجی بہبود ، محکمہ محنت ، جانوروں اور بھیڑ پالنے کے محکموں اور دیگر لائین محکموں کے کام کاج کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے مختلف محکموں کے ضلعی اور فرنٹ لائین افسران سے کہا کہ وہ قدرتی اور انسانی وسائل کی بنیاد پر ضلع کی مخصوص ضروریات اور صلاحیت کی نشاندہی اور ان کی مقدار کا تعین کرنے کیلئے مل کر کام کریں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ قابلیت والے شعبوں میں ترجیحی شعبوں میں کریڈٹ کی تقسیم کے ذریعے لوگوں کو بااختیار بنانے کیلئے کام کریں جس سے انٹر پرنیور شپ کو فروغ ملے گا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں سچن کمار ویشیا نے پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے مختلف محکموں کے ذریعے نافذ کی جانے والی مختلف اسکیموں کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔ بعد میں مسٹر ٹھاکر نے ہائی ٹیک ایگریکلچر پولی ہاوس اور شوپیاں ضلع کی مختلف سڑکوں کے میکڈمائیزیشن کے کام کا معائینہ کیا ۔ اس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ ، ایس ڈی ایم زین پورہ ، تمام ایگزیکٹو انجینئرز ، سی ایم او ، سی ای او ، ڈی وائی ایس ایس او اور مختلف محکموں کے دیگر ضلعی اور سیکٹورل افسران موجود تھے ۔