سرینگر:فوجی چیف ہنگامی طور پر جموں پہنچے جہاں وہ کشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور پونچھ میں جاری آپریشن کے بارے میں آفیسران سے تفصیلات حاصل کریں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ فوی چیف پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں کا بھی دورہ کریں گے اور وہاں پر فوج کی تیاریوں کے بارے میں کمانڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ یو پی آئی کے مطابق فوجی چیف لفٹنٹ جنرل ایم ایم نروانے جموں دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ فوجی چیف پونچھ میں جاری انکاونٹر کے بارے میں آفیسران سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جموںوکشمیر کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال کے بارے میں آفیسران سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ فوجی سربراہ سرحدوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیں گے اور اگلی چوکیوں پر تعینات فیلڈ آفیسران کے ساتھ بھی حد متارکہ کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ فوجی چیف کا جموں دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جس طرح سے پونچھ کے بھاٹھا دوریاں جنگلی علاقے میں ملی ٹینٹوں اور فورسز کے بیچ جھڑپ جاری ہے اس کے پیش نظر فوجی سربراہ کا دورہ جموں اسی سلسلے کی ایک کڑ ی سے دیکھا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر تعینات افواج کی تیاریوں کے بارے میں بھی فوجی چیف کو تفصیلات فراہم کی جائے گی۔ بتادیں کہ فوجی سربراہ نے دو ہفتے قبل بھی جموں کا دورہ کیا تھا اور وہاں پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت بھی کی تھی ۔ دریں اثنا وزیر اعظم ہند دیوالی کی تقریب فوجی اہلکاروں کے ساتھ منائیں گے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی دیوالی کا تہوار راجوری میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ منائیںگے اور دن بھر اُن کے ساتھ وقت گزارے گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم ہندکے راجوری دورے کے پیش نظر سرحدوں پر فوج کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے ۔