سری نگر، 8 نومبر: گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے بہوری کدل علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے سیلز مین پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اسپتال پہنچاتے پہنچاتے اْس کی موت واقع ہوئی۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’سوموار کی شام کو شہر خاص کے بہوری کدل علاقے میں دہشت گردی کے ایک واقع کی اطلاع ملی ، چنانچہ پولیس کے اعلیٰ آفیسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ، ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ دہشت گردوں نے سری نگر کے بہوری کدل میں عام شہری پر فائرنگ کی جس کی شناخت محمد ابراہیم خان ولد غلام محمد خان ساکن اشٹنگو بانڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس واقعے میں وہ گولی لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوا اور اس سے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس نے اس سلسلے میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا یہ واقع کیسے اور کن حالات میں وقوع پذیر ہوا اس کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر کنول جیت سنگھ نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ ’محمد ابراہیم خان نامی شہری کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا تاہم وہ جانبرنہ ہو سکا‘۔انہوں نے کہاکہ مہلوک شخص کے سینے اور پیٹ میں دو گولیاں پیوست تھیں۔ (یو این آئی)










