سری نگر، 9 نومبر (یو این آئی) جموں وکشمیر کے دارلخلافہ سری نگر کے میئر جنید عظیم متونے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا ہے کہ یونیسکو کے تخلیقی شہروں کی فہرست میں دستکاریوں اور آرٹ کے ذمرے میں سری نگر کو منتخب کیا گیا ہے ۔ میئر موصوف کے مطابق اس حوالے سے شہر بھر میں ایک ماہ تک جشن کی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ان باتوں کا اظہار سری نگر کے میئر جنید متو نے یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ ‘تخلیقی شہر[؟]ں کی فہرست میں سری نگر کو شامل کئے جانے کے بعد شہر کے دستکاروں کیلئے اپنی مصنوعات عالمی سطح پر یونیسکو کے ذریعے پیش کرنے کی راہ اب ہموار ہو گئی ہے ’۔موصوف نے کہا کہ آج شہر سری نگر کے لوگوں کیلئے خوشی کا دن ہے ۔جنید عظیم متو کے مطابق انتھک کوششوں اور سخت محنت کے باعث ہی سری نگر کو اتنا بڑا درجہ ملا ہے ۔میئر موصوف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے یہ سنگ میل کافی محنت اور لگن کے بعد ہی حاصل کیا کیونکہ سال 2019 سے ہی ہم اس کوشش میں لگے ہوئے تھے اور بالآخر سبھی کی محنت رنگ لائی جس کییلئے متعلقین مبارکباد کے مستحق ہیں۔جنید عظیم متو کے مطابق ‘سری نگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اطہر عامر اور متعلقہ آفیسران کی سخت اور سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں ہی ہم نے آخر کار یہ سنگ میل حاصل کیا۔انہوں نے کہاکہ ‘ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ ایک ماہ تک اس حوالے سے جشن کی تقریبات ہوگی جس دوران دستکاری اور آرٹ کی طرف خصوصی توجہ مبذول کی جائے گی’۔اس موقع پر سری نگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اطہر عامر خان نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ایس ایم سی نے یونیسکو ٹیگ کیلئے ڈوزئر سال 2019 میں داخل کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں مزید سنگ میل حاصل کرنے کی خاطر مل کر کام کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ یونیسکو کے تخلیقی شہروں کی فہرست میں تخلیقی میدان کے سات زمرے ہیں جن میں لوک آرٹ، میڈیا،فلم، ادب، ڈئزاین، فن غذائیت اور میڈیا آرٹ شامل ہیں۔یواین آئی،