سری نگر: جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع کولگام میں بدھ کو ہونے والے ایک انکاؤنٹر کے دوران جنگجو تنظیم حزب المجاہدین کا ایک اعلیٰ کمانڈر2 دیگر جنگجوئوں کے ساتھ جاں بحق ہوگیا۔جے کے این ایس کے مطابق اسے ایک کامیابی قرار دیتے ہوئے، انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے جمعرات کو کہا کہ حزب المجاہدین کا ضلعی کمانڈر شاکر نذر، 2018سے سرگرم تھا۔ایک بیان میں، پولیس نے کہا کہ کولگام میں ہوئے انکائونٹرکے دوران مارے گئے دیگر2جنگجوئوں کی شناخت اسلم ڈار اور سمیر نجار کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے بتایاکہ اسلم ڈارساکنہ کیموہ کولگام مئی2019سے جبکہ سمیرنجارنامی مہلوک جنگجومئی2021سے سرگرم تھا۔قبل ازیں، پولیس نے کہا کہ بدھ کے روز کولگام ضلع کے پومبئی اور گوپال پورہ گاؤں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ الگ الگ انکاؤنٹر میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔