سری نگر:جموں و کشمیر میں جنگجوئوں کے مبینہ ہمدردوں اور بدعنوان اہلکاروں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے بیچ، کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے جموں و کشمیر انتظامیہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سب سے بڑی صنعتوں میں سے ایک کو نشانہ بنا رہی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جموںمیں گزشتہ روز ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی آزاد کہا کہ نہ صرف جموں و کشمیر انتظامیہ نے روزگار دینا بند کر دیا ہے بلکہ اب لوگوں کو ان کی ملازمتوں سے نکالنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ سرکاری ملازمتیں جموں و کشمیر میں ہر طبقے اور برادری کیلئے سب سے بڑی صنعت ہے۔لیکن بقول غلام نبی آزاد جموں و کشمیر انتظامیہ نے نہ صرف نوکریاں دینا بند کی ہیں بلکہ ہر ہفتے لوگوں کو نوکریوں سے نکالنا شروع کر دیا ہے۔جموں وکشمیرکے سابق وزیراعلیٰ جموں و کشمیر انتظامیہ نے کہاکہ ایک فرسودہ قانون بنایا گیا کہ کسی بھی نان پرفارمر کو ڈیڈووڈ قراردیکر سرکاری ملازمت سے برطرف کر دیا جائے گا ۔انہوںنے کہاکہ اس قانون کے ذریعے گزشتہ 20 سالوں میں2 افراد کو نکالاگیاتھا لیکن اب 2 دن میں20 افراد کو نکال دیا گیا ہے۔غلام نبی آزاد نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ اس حکومت کا کام نوکریاں دینا نہیں ہے بلکہ لوگوں کو نوکریوں سے نکالنا ہے۔