سرینگر:لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے کہا ہے کہ حکومت عام لوگوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے اور ترقی ، معیاری کام ، منصفانہ اور شفاف خدمات کی فراہمی کے نظام کو یقینی بنانے ، عوامی شکایا ت اور مسائل کے بروقت ازالہ کو یقینی بنانے کیلئے مختلف محاذوں پر کام کر رہی ہے ۔ مشیر موصوف آج سول سیکرٹریٹ سرینگر میں مختلف وفود اور افراد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی ۔ سٹیزنز فورم ہارون کے ایک وفد نے جس کی قیادت جی ایم راتھر اور پیر ملن کر رہے تھے نے ترقی اور اچھی حکمرانی کے حوالے سے حکومت کے عزم کو سراہا ۔ انہوں نے علاقے میں کھیل کے میدانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن ، حضرت بل کے مزار کے قریب صحت مرکز کے قیام ، درگاہ ۔ فور شور ۔ شالیمار لنک روڈ کی مرمت ، سینٹری کمپلیکس کی تعمیر اور مفاد عامہ کے دیگر مسائل کا مطالبہ کیا ۔ ڈی ڈی سی چئیر مین کپواڑہ عرفان پنڈت پوری نے بھی مشیر خان سے ملاقات کی اور ضلع کے لوگوں سے متعلق مسائل ان کے نوٹس میں لائے ۔ انہوں نے مشیر کے ساتھ کپواڑہ ضلع کے ترقیاتی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ وقف درگاہوں اور مساجد کے اماموں کے ایک وفد نے جس کی قیادت امام سید صاحب سونوار پیر حسین قادری کر رہے تھے نے بھی مشیر خان سے ملاقات کی اور وقف املاک کی حالت کے بارے میں تفصیلات اور عقیدت مندوں کیلئے خوبصورتی اور سہولیات کی بہتری کے حوالے سے تجاویز پیش کیں ۔ انہوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور وقف بورڈ کے نظام میں لائی گئی شفافیت کی تعریف کی ۔ سی ای او وقف بورڈ مفتی الوداعی الدین اور تحصیلدار وقف زبیر احمد بھی موجود تھے ۔ محکمہ جنگلات کے کیجول مزدوروں کے ایک وفد نے اپنی خدمات کے حوالے سے مطالبہ کیا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے حکام سے مداخلت کی درخواست کی ۔ متعدد افراد نے مشیر سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل ان کے نوٹس میں لائے جن پر انتظامیہ کی توجہ ضروری ہے ۔ مشیر نے تمام وفود اور افراد کو یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل اور مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔