سری نگر:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں اورپیرکی گلی میں برف باری جبکہ بیشترمیدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ادھر شبانہ برف باری کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ، گریز روڈ کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیا گیاجبکہ بر باری کے بعدپھسلن پیداہونے کے بعد سری نگر لداخ شاہراہ پر بھی ٹریفک معطل کردیاگیا تاہم وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں دوران شب برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں جمعرات کوہلکی تا درمیانہ درجے کی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش شروع ہوئی۔اس دوران رات بھر کے بادل چھائے رہنے کے درمیان، جموں و کشمیر اور لداخ میں کم از کم درجہ حرارت میں کافی اضافہ ہوا، وادی کشمیر کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت صفر سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔شمالی کشمیر کے کچھ حصوں سے تقریباً 4انچ برفباری کی اطلاع ملی۔حکام نے بانڈی پورہگریز روڈ کو بند کر دیا ۔ تاہم، گاڑیاں سری نگر جموں ہائی وے پر چل رہی تھیں، جو وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے جوڑنے والا واحد سطحی رابطہ ہے۔ ٹنگمرگ، گلمرگ اور بابریشی میں جمعرات کی صبح 4 بجے سے برفباری شروع ہوئی اورتینوں علاقوںمیں 2سے4انچ تک برف جمع ہوگئی۔مکینیکل ڈویڑن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ صرف فوربائے فورسہولت والی گاڑیاں یا ٹائروں پر برف کی زنجیریں لگائی ہوئی گاڑیوں کو ٹنگمرگ اور گلمرگ کے درمیان جانے کی اجازت دی جائے گی، تاکہ گاڑیوں کے پھسلنے سے بچا جا سکے۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ سادھنا ٹاپ پر 12 سینٹی میٹر، فرکین گلی میں 10 سینٹی میٹر اور زیڈ گلی میں 10 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے۔اس کے علاوہ رازدان ٹاپ کے قریب برف باری کے بعد بانڈی پورہگریز روڈ کو بند کر دیا گیا۔ حکام نے کہا کہ اگرچہ 2 انچ برف باری ہوئی ہے، لیکن احتیاطی اقدام کے طور پر ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ۔اُدھر پونچھ اور شوپیاں اضلاع کو پیر کی گلی کے راستے ملانے والی تاریخی مغل روڈ کو حکام نے جمعرات کی صبح بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک، آفتاب شاہ نے بتایا کہ جمعرات کوصبح سویرے پیر کی گلی کے قریب سڑک پر تازہ برف باری ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پھسلن کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے، اگلے احکامات تک سڑک کو ہر قسم کی گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔موصوف ڈپٹی ایس پی ٹریفک نے لوگوں کو سڑک پر سفر کرنے کے بجائے جموں اور سری نگر کے درمیان سفر کے لیے سری نگر جموں قومی شاہراہ کا انتخاب کرنے کا مشورہ دیا۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم ازکم درجہ حرارت 2.6 ریکارڈ کیا گیا۔ یہ کئی دنوں کے بعد ہوا کہ پارہ معمول کے ذیلی صفر کی سطح سے اوپر آگیا۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں واقع سیاحتی مقام گلمرگ میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم ازکم درجہ حرارت منفی 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن قاضی گنڈ میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم ازکم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ جنوبی کشمیر کے مشہور تفریحی مقام پہلگام میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم ازکم درجہ حرارت0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے علاقہ کوکرناگ میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم ازکم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ قصبے میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات کم ازکم درجہ حرارت2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموںمیں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت9.3 ڈگری سینٹی گریڈ دیکھا گیا جو معمول سے 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔لداخ کے لیہہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ،کرگل میں کم سے کم منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ او ر دراس میںکم سے کم درجہ حرارت منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کمزور مغربی ہوائوں کی وجہ سے، جموں و کشمیر اور لداخ دونوں میں موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور کشمیر میں کہیں کہیں بالائی مقامات پر ہلکی برف باری کے امکانات ہیں ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 23 اور 24دسمبر کو جموں خطہ کے پہاڑی علاقوں میں بھی برف وباراںکاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے کہاکہ26دسمبرکی شام سے28 دسمبرکے دوران 27دسمبر کو زیادہ شدت کی برفباری کا امکان ہے۔ تاہم انہوںنے کہاکہ ماہ دسمبر میں جموں و کشمیر اور لداخ دونوں میں برف باری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔