سرینگر:پی ڈی پی صدر کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقوق کیلئے جدوجہد میں مصروف ہے جس سے حکومت ہم سے خائف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جموںوکشمیر کی کھوئی ہوئی شناخت کو بحال کرنے کی خاطر پی ڈی پی کی پُر امن جدوجہد جاری رہے گی۔ یو پی آئی کے مطابق پارٹی دفتر میں زوہیب یوسف میر کی طرف سے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر سابق وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے کہاکہ جموںوکشمیر میں سبھی پارٹیوں کو ریلیاں نکالنے کی اجازت ہے لیکن پی ڈی پی واحد ایسی جماعت ہے جنہیں فاتحہ خوانی کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مجھے لگ رہا ہے کہ پی ڈی پی کے ایجنڈے سے حکومت خوف محسوس کررہی ہین۔ انہوں نے بتایا کہ دفعہ 370کی واپسی کیلئے پی ڈی پی نے جو تحریک شروع کی ہے اُس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم چاہتے ہیں جموںوکشمیر کو اس خون خرابے سے باہر نکالا جا سکے ۔ محبوبہ مفتی کا مزید کہنا تھا کہ اگر چہ اس پارٹی کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے لیکن ہم اپنے مشن میں ضرور کامیاب ہو نگے۔ اُن کے مطابق اس وقت جموںوکشمیر میں پی ڈی پی عوام کی پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آرہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئے روز پی ڈی پی میں نوجوان شامل ہو رہے ہیں جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پی ڈی پی عوامی جذبات اور احساسات کو ملحوظ نظررکھ کر آگے بڑھ رہی ہیں۔