سرینگر:وادی کشمیر میں بدھ کو ابر آلود موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج کی گئی ہے ، پہلگام او رر گلمرگ کو چھوڑ کر وادی کے دیگر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت منفی سے اوپر ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے 04مارچ تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری خراب موسمی صورتحال کے بیچ بدھ کو بھی دن بھر آسمان مجموی طور پر ابر آلود رہا اور دن بھی بادلوں اور سورج کے مابین آنکھ مچولی دیکھنے کو ملی ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق موسم ابر آلود دہنے کی وجہ سے شبانہ درجہ حرارت میں کچھ حد تک بہتری دیکھنے کو ملی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میںشبانہ درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران8.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبریا کے بعد دنیا کی دوسری سردترین جگہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے 04مارچ تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔