سرینگر 29 ستمبر ؍چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فائنانس اور آئی اینڈ سی محکموں وویک بھردواج کو سیکرٹری وزارت کانکنی حکومت ہند کے طور پر مقرر کئے جانے پر الوداع کیا ۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے افسر کے علاوہ تمام انتظامی سیکریٹریز بھی موجود تھے ۔ جموں میں مقیم افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریب میں شرکت کی ۔ ڈاکٹر مہتا نے بھردواج کو ایک بہترین افسر قرار دیا اور ثابت قدم رہنے کی ان کی صلاحیت کی تعریف کی ۔ انہوں نے یاد کیا کہ بھردواج نے ہمیشہ بڑی تصویر کو واضح نظر کے ساتھ دیکھا ۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے افسر کی محنت اور لگن کو سراہا ۔ انہوں نے انہیں مرکزی سیکرٹری کے طور پر ترقی پانے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے اسے ایک سنگ میل قرار دیا جسے ہر آئی اے ایس افسر اپنے کیرئیر میں حاصل کرنا چاہتا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے مختلف مثالیں بھی بیان کیں جہاں سبکدوش ہونے والے افسر نے خاص طور پر سیکرٹری صحت کے طور پر کووڈ 19 اور محکمہ خزانہ کے آزمائشی اوقات کے دوران مشکل انتظامی معاملات سے نمٹنے میں اپنے وسیع تجربے کا مظاہرہ کیا۔ سبکدوش ہونے والے انتظامی سیکرٹری کو ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کیلئے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ بھردواج ایک قابل اور تجربہ کار افسر ہیں جو ہر سطح پر اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں اور اپنی بصیرت سے پیچیدہ مسائل سے نمٹ سکتے ہیں ۔