اننت ناگ// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے منگلوار کو اننت ناگ ضلع کا تفصیلی دورہ کیا ۔اُنہوں نے ویکسی نیشن اور ترقیاتی منظر ناموں ، کووِڈ ایس او پیز کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔مشیر موصوف کے ہمراہ ڈی ڈی سی چیئرمین محمد یوسف گورسی ، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا ، ڈی ڈی سی ممبران ،یوایل بی چیئرپرسن ، ڈائریکٹر دیہی ترقی ، اے ڈی ڈی سی ، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹوراِزم اور دیگر اَفسران موجود تھے۔مشیر بصیر خان نے سَن مندر ، گوردوارہ اور مائیگرنٹ کالونی مٹن کا دورہ کیا اور وہاں ٹرسٹ کے ممبران اور باشندگان سے تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے مشیر کی نوٹس میں مختلف اَمورلائے ۔مشیر موصوف نے ان کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ ان کے جائز معامات حل ہوجائیں گے ۔ اُنہوں نے فوری نوعیت کے اَمور کو حل کرنے کے لئے متعلقہ اَفسران کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔اُنہوں نے حتمورہ میں دیہی ترقیاتی کاموں اور کووِڈ کیئر سینٹر کا بھی معائینہ کیا اور اَفسران پر زور دیا کہ وہ کووِڈ کیئر سینٹر کو ہدایات کے مطابق چلائیں۔اے سی ڈی نے انہیں دیہی ترقیاتی کاموں کی رفتارکی پیش رفت سے متعلق جانکاری دی۔ مشیر موصوف نے کاموں کومقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔اس کے بعد مشیر بصیر خان نے سختی زین الدین والی زیارت عشمقام کا دورہ کیا اور وہاں تجدید وترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔زیارت شریف کی اِنتظامیہ نے کچھ معاملات اُٹھائے اور مشیر نے انہیں یقین دِلایا کہ مقررہ وقت پر تمام جائز مطالبات کو پورے کئے جائیں گے۔بعدمیں مشیر بصیر خان نے عشمقام میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی اور متعدد عوامی وفود اور سول سوسائٹی کے ممبران کو بغور سنا ۔ عوامی دربار میں ڈی دی سی چیئرمین محمد یوسف گورسی ، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا ، ڈی ڈی سی ممبران ، ایل ایل بی چیئرپرسنوں ، اے ڈی ڈی سی ، اے سی ڈی اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران نے بھی شرکت کی۔عوامی دربار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے انتظامیہ اور افسران سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کے مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے دیہی علاقوں کے متواتر دوروں کو یقینی بنائیں۔مشیر بصیر احمد خان نے اَفسران پر زور دیا کہ جب تک ہرفرد کو ہماری اجتماعی صحت اور حفاظت کے لئے ویکسین نہیں لگائی جاتی ہے تب تک ٹیکہ کاری مہم سرعت سے جاری رکھیں۔اُنہوں نے کووِڈ ڈیوٹی سے وابستہ تمام متعلقہ اَفسران بالخصوص ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے کی اہمیت سے آگاہ کریں اور کووِڈ تخفیفی اِقدامات کو ناکام بنانے کی کوشش کرنے والی افواہوں کو پھیلنے سے روکیں۔عوامی نمائندوں کے وفد نے مشیروں کو ان کی شکایات اور مطالبات سے آگاہ کیا جس میں یاتری سیاحت ، ورثہ کے تحفظ ، سڑکوں ، کھیل میدان ، بجلی کی فراہمی میں اِضافہ اور ڈگری کالج شامل ہیں۔ انہوں نے ان کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات بغور سنا اور یقین دِلایا کہ جائز مطالبات کے ازالے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اُٹھایا جائے گا۔عوامی نمائندوں اور سول سوسائٹی ممبران نے علاقے کی عوامی بہبود اور ترقی کے لئے مخلصانہ اور بروقت کوششوں پر مشیر موصوف کا شکر یہ اَدا کیا۔