سرینگر:سرینگر کے جے وی سی بمنہ اسپتال کے اندر سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔پولیس ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عام شہریوں کی بھیڑ کا فائدہ اُٹھا کر ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ یو پی آئی کے مطابق سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ جے وی سی بمنہ اسپتال میں ملی ٹینٹ موجود ہیں چنانچہ جونہی پولیس نے وہاں آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر ملی ٹینٹوں کی تلاش شروع کی تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ پولیس ذرائع نے جے وی سی بمنہ اسپتال میں گولیاں چلنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملی ٹینٹ کو گرفتار کرنے گئی پولیس ٹیم پر جنگجوئوں نے فائرنگ کی تاہم اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم آس پاس علاقوں میں پہرے بٹھا دئے گئے ہیں اور تلاشی آپریشن کا دائرہ بھی وسیع کیا گیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ جے وی سی بمنہ اسپتال میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ جنگجوئوں نے عام شہریوں کی بھیڑ کا فائدہ اُٹھا کر راہِ فرار اختیار کی ہے۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ جے وی سی اسپتال میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہونے کے بعد پورے شہر میں سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بمنہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور کسی بھی شہری کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شاہراہ پر کئی مقامات پر فورسز نے ناکہ لگائے ہیں جہاں پر گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز نے بمنہ کے ساتھ ساتھ شہر خاص میں بھی سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔